بھٹکل:25/نومبر (ایس او نیوز) شہر کے جامعہ آباد روڈ پر واقع تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کی شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول اور نیو شمس اسکول میں طلبا کے لئے پتنگ بازی کا مقابلہ رکھا گیا جس میں اسکول کے بہت سارے طلبا نے بڑے ہی ذوق و شوق کے ساتھ شرکت کی اور اپنے بنائے ہوئے پتنگ کو آسمانی فضا میں لہرا کر خوشی ومسرت سے ناچ اٹھے۔
اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس محمد رضامانوی نے طلبا سے مخاطب ہو تے ہوئے کہاکہ موبائیل ، لیاپ ٹاپ کے زمانے میں طلبا کی تخلیقی قوت غائب ہورہی ہے، ہر ایک کمپیوٹر اور اسمارٹ فون کے سائے میں ہے، طلبا میں قوت فکر بہت ہوتی ہے لیکن موبائیل و کمپیوٹر میں گیم کھیلنے سے ان کی جسمانی اور ذہنی قوت کی پرورش ایک طرح سے تھمتی نظر آرہی ہے اور بچے آج کل کاہلی اور سستی کے بادشاہ بنتے جارہے ہیں۔ اسی لئے اسکولوں میں طلبا کے لئے مختلف مقابلہ جات کا اہتمام کرتے ہوئے ان کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں پتنگ بازی کا مقابلہ بچوں کے لئے جہاں انوکھےپن کا احساس دلاتا ہے وہیں ذہنی صلاحیتوں کے استعمال کا بہتر طریقہ بھی ہے اور طلبا پوری آزادی کے ساتھ غوروفکر کرتے ہوئے اپنی چیز بناتے ہیں۔ اسکول کے اساتذہ عبدالسبحان ندوی، پرشانت بھٹ، شاذیر حسین، عبداللہ خلیفہ ، مہیش نائک وغیرہ نے طلبا کا تعاون کیا۔